مہمند کیڈٹ کالج کا نام تبدیل کرنے کیخلاف شہری سراپا احتجاج

51

پشاور( نمائندہ جسارت) ضلع مہمند کے ہیڈکوارٹر غلنئی میں سیاسی اور سماجی جماعتیں مہمند کیڈٹ کالج کا نام تبدیل کرنے کے خلاف سراپا احتجاج۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کالج کا نام کسی صورت تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ گزشتہ روز ضلع مہمند کے ہیڈکوارٹر غلنئی میں سیاسی اور سماجی جماعتوں نے مہمند کیڈٹ کالج کا نام مامد گٹ کیڈٹ کالج رکھنے کے خلاف مہمند باجوڑ ایکسپریس وے بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ اس کالج کے ساتھ مہمند کا لفظ ہمارے لیے انتہائی ضروری ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے ضلع مہمند کی پہچان بھی ہے۔ لفظ مہمند حذف کرکے صرف مامدگٹ لکھنا انہیں قابل قبول نہیں۔ ہم نے اس کالج کیلیے انتہائی کم قیمت پر زمین دی ہے۔ اسلیے اس پر ہمارا حق زیادہ ہے۔ اس کالج میں ضلع مہمند کیلیے 50فیصد کوٹہ مختص کیا جائے۔پسماندہ قبائلی ضلع مہمند کے طلباء کو جدید تعلیم کی اشد ضرورت ہے،اس لیے ان کو یہاں تعلیم کا موقع ملنا چاہیے۔