انتہا پسند ہندو مسلم اقلیت کوعزت کے ساتھ نہیں رہنے دیں گے،وزیراعظم

137

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کو یقین تھا کہ بھارت کے انتہا پسند ہندو مسلم اقلیت کوعزت اور وقار کے ساتھ نہیں رہنے دیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے قائد اعظم کے 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ مسلمانوں کے لیے آزاد وطن بنانے میں قائداعظم نے بے لوث مثالی کردار ادا کیا تھا، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک قائد اعظم کے یقین کی تصدیق ہے، انہیں یقین تھا ہندوستان کے انتہا پسند ہندو مسلم اقلیت کوعزت اور وقار کے ساتھ نہیں رہنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی “شہ رگ” کہا تھا، پوری دنیا آج نام نہاد سیکولر بھارت کا چہرہ دیکھ رہی ہے، ہمیں فاشسٹ بی جے پی حکومت کے ظلم کا شکار مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ قائد اعظم نے پوری دنیا میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا،انہوں نے جس فیصلہ کن تحریک آزادی کی سربراہی کی وہ ان کی سیاسی بصیرت کا مظہر ہے، آج ہم اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے بانی کے نظریات کو سمجھنے اورمقصد کی تکمیل کے لئے طویل سفر طے کرنا ہے،اتحاد ، عقیدے اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر قائد کا پاکستان بنا سکتے ہیں۔