امہارا: ایتھوپیا کے شہر امہارا میں انتہا پسندوں نے چار مساجد کو نذر آتش کردیا جس پر ہزاروں مسلمان سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق 20 دسمبر کو امہارا شہر کے علاقےموتہ قصبے میں ہونے والے حملوں میں مسلم ملکیت کے کاروبار کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد چار مسجدوں کو بھی نذر آتش کردیا گیاتھا۔ پولیس کمانڈر جمیل میکنن نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ حملوں کا آغاز کچھ ہی دن پہلے آرتھوڈوکس چرچ میں لگی آگ کی خبر کی وجہ سے ہوا تھا۔
ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد نے انتہا پسندوں کی طرف سے حملوں کو ملک کی مذہبی رواداری اور امن پر حملہ قرار دیا ہے۔ ایتھوپیا کےمعروف مسلم اسکالر کامل شمسو نےحملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ کچھ ایسےسیاسی عناصر ہیں جو ایک مذہبی گروہ کو دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتے ہیں ۔
ایتھوپیا کے مسلمانوں کی طرف سے مجرموں کے خلاف سخت کروائی کا مطالبہ کیا گیا جس پرحملوں میں ملوث 15مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں ایتھوپیا کے متعدد علاقوں میں فسادات ہوتے رہے ہیں تاہم حالیہ دنوں میں ایتھوپیا کے کچھ شہروں میں نسلی اور مذہبی بنیاد پر بدامنی کے واقعات میں شدت آتی جارہی ہے ۔