ضیا کی باقیات لیاقت باغ جلسے میں روڑے اٹکا رہی ہے، نفیسہ شاہ

44

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ بلاول زرداری پہلی دفعہ اپنی والدہ کی برسی منانے کے لیے لیاقت باغ آ رہے ہیں لیکن مخالفین اور ضیاء کی باقیات وقت کے حکمرانوں کو یہ پسند کیوں نہیں آ رہا، بابو کہتے ہیںکہ جلسہ نہیں کرسکتے لیکن شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے سے عشق کرنے والے لیاقت باغ کی طرف رواں دواں ہیں۔ لیاقت باغ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوئی دھرنا یا لاک ڈائون نہیں کر رہی عوام کی بات کرنے کے لیے اور اپنے منشور کو آگے بڑھانے کے لیے جلسہ کیا جا رہاہے۔ سو دن سے سینٹ کا اجلاس نہیں بلایا گیا، اسمبلی کا اجلاس بلایا جاتا ہے لیکن دوسرے دن ملتوی کر دیا جاتا ہے، پارلیمنٹ کی آواز دبائی جا رہی ہے، مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، اب بہت ضروری ہے کہ ایسی مہم کا آغاز ہو، وزیراعظم امریکا میں صرف ایک تقریب کے بعد مسئلہ کشمیر کو بھول گئے ہیں، اسلامی امہ کا بڑا لیڈر کہلوانے والا کوالالمپور اجلاس میں نہیں جاتا۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کی ایکسٹیشن کی وجہ سے افراتفری پھیلا دی گئی ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ ہم مسیحی برادری کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں اور ان کو مبارکباد دیتے ہیں اور قائداعظم کی سالگرہ پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔