اپوزیشن مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف نکلتی تو میں بھی شامل ہوتا‘ شیخ رشید

99

راولپنڈی (آن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف نکلتی تو میں بھی ان کے جلوس میں شامل ہوتا‘ مگر یہ لوگ اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے نکلے ہیں‘ پیپلز پارٹی راولپنڈی میں جلسے ضرور کرے‘ عمران خان نہیں بلکہ اپوزیشن کی سیاست گھر جا رہی ہے‘ دنیا کے کسی ملک میں لاش کو 3 دن تک لٹکانے کا قانون موجود نہیں‘ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں مگر یہ فیصلہ مجھے کھٹک رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام نے ہمیشہ چوروں، ڈاکوئوں اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو شکست دی ہے‘ یہ لوگ آزادی صحافت کے لیے باہر نہیں نکلے‘ یہ اپوزیشن والے اپنی دولت بچانے کے لیے چیخ چلا رہے ہیں تاکہ ان سے لوٹی گئی دولت کا کوئی نہ پوچھے‘ اگر ان کا احتساب نہ ہوا تو جمہوریت نامکمل رہے گی‘ عمران خان کا نام احتساب خان ہے کیونکہ وہ لوٹی ہوئی دولت واپس لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آج ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مسیحی بھائیوں کے لیے خصوصی ٹرین چلائی مگر پھر بھی جگہ کم پڑ گئی اور ان کو چھتوں پر بیٹھ کر جانا پڑا جس پر میں ان سے معافی چاہتا ہوں‘ یہ ٹرین یکم جنوری تک چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری ساری عمر بچے ہی رہیں گے کیا‘ اگر بچے ہو تو بچ کے کھیلو۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں‘ جب عدلیہ ختم ہو جاتی ہے تو جنگل کا قانون آجاتا ہے اور ہمیں عدلیہ کے تلخ فیصلے بھی قبول ہیں اور ہم اسے بھی انصاف سمجھتے ہیں لیکن ایک فیصلہ جو مجھے کھٹک رہا ہے اس کے بارے میں کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا میں کہیں انصاف کے نظام میںلاش کو 3 دن تک لٹکایا اور گھسیٹا نہیں جاتا‘ باقی عدلیہ نے جو بھی فیصلہ دینا ہے دے مگر ایسے فیصلے نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم راولپنڈی میں بلاول کو جلسہ کرنے پر ویلکم کرتے ہیں مگر جب آپ راولپنڈی آئیں گے تو میں لاڑکانہ جلسہ کرنے آئوں گا۔