ایم ڈی پسنی فش ہاربر اتھارٹی بلوچستان کیخلاف ریفرنس دائر

46

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے گریڈ 20 کے ایک سرکاری افسر کے کروڑوں روپے مالیت کے غیر قانونی اثاثہ جات سامنے آنے پر قومی احتساب بیورو بلوچستان نے مینیجنگ ڈائریکٹر پسنی فش ہاربر اتھارٹی بلوچستان علی گل کرد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی خزانہ آفس کوئٹہ اور موجودہ ایم ڈی پسنی فش ہاربر اتھارٹی علی گل کرد کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات کی شکایت کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم علی گل کرد نے کوئٹہ، مستونگ اور بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی جائدادیں بنا رکھی ہیں۔ ان جائدادوں میں کوئٹہ کے مہنگے علاقے میں رہائشی اور کمرشل پلازے بھی شامل ہیں۔ نیب بلوچستان نے ملزم کے خلاف اثاثہ جات کیس کی تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں داخل کردیا ہے۔