آرمی چیف بھارتی کارروائی روکنے کے لئے تیار ہیں،وزیراعظم  

136

پنڈدادن خان:وزیراعظم عمرا خان کا کہنا ہے کہ نریندر مود ی اپنے ملک میں جاری احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلئے کاروائی کرسکتا ہے اس حوالے سے آرمی چیف جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے جلال پور کینال کی افتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پنڈ دادن خان کی عوام  کو مبارکباد دیتا ہوں کے جلال پور کنال سے جہلم، پنڈدادن خان  اور خوشاب کے علاقوں کی تقدیر بدل جائیگی، مجھے معلوم ہے کہ پنڈدادن خان میں میٹھا پانی نہیں ہے مگر جلال پور کینال سے یہاں کی عوام کو میٹھا پانی ملے گا جبکہ وفاقی حکومت دیگر تمام تر مشکلات سے بھی واقف ہے، کسی بھی علاقے میں نہر آنے سے علاقہ بدل جاتا ہے،میانوالی میں نہر آئی تو پورا علاقہ سر سبز ہوگیا، جو منصوبہ 120 سال پہلے شروع ہونا تھا وہ آج ہوا ہے۔

بھارت سے ملحقہ سرحد پر کشیدگی ہے اس کی وجوہات ہیں، بھارت نے کوئی غلط حرکت کی تو ہم تیار ہیں، اس حوالے سے آرمی چیف سے بات ہوئی انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھارتی کارروائی روکنے کے لئے تیار ہیں، نریندر مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کرایا، اس نے 80 لاکھ کشمیر کے لوگوں کو جیل میں ڈال رکھا ہے، اس نے کشمیر کی ساری سیاسی قیادت کو جیلوں میں بند کیا، گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کروایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نریندر مودی ہندوستان میں وہ کررہا ہے، جو جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا، اب بھارت کے لوگ نریندر مودی کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے، جب بھارت کے لوگ نریندر مودی کے خلاف کھڑے ہوں گے تو ظلم کے نظام کو ختم کریں گے۔

معیشت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک سال بہت مشکل سے گزارا ہے، حکومت نے اس سال جتنا ٹیکس جمع کیا تھا اسکا آدھا حصہ ماضی کی حکومتوں کے قرضوں کے سود میں چلاگیا، روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی ہوئی لیکن اب پاکستان میں باہر سے سرمایہ کاری آرہی ہے، یہ ملک ترقی کرے گا، خوشحالی آئے گی، 2019 مشکل وقت تھا لیکن 2020 ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرپٹ مافیا نے گزشتہ سالوں میں نظام سے بہت  فائدہ اٹھایا مگر 2020 کا سال ان  کے لیے برا وقت ثابت ہو گا، جب وزیراعظم بنا تو پوری قوم سے کہا آپ نے گھبرانا نہیں ہے کیونکہ جب نظام میں اصلاحات ہوتی ہیں تو مشکل وقت سے گزرنا پڑتا ہے، تبدیلی لانا آسان نہیں ہوتا ہے کیونکہ  جب آپ تبدیلی لانا چاہتے ہیں  تو راستے میں مافیا کھڑے ہوتے ہیں مافیا ہر جگہ ہوتے ہیں سیاستدانوں کا مافیا جو ہر روز حکومت کو برا بھلا کہتا ہے جبکہ اس مافیا کو ڈر ہے کہ اگر حکومت کامیاب ہوگئی تو یہ جیل میں جائیں گے۔