کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ‘2جوان شہید‘ جوابی کارروائی میں3بھارتی فوجی ہلاک‘ متعدد زخمی

118

اسلام آ باد،راولپنڈی(اے پی پی+ صباح نیوز+ آن لائن ) کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ‘2جوان شہید‘ جوابی کارروائی میں3بھارتی فوجی ہلاک‘ متعدد زخمی۔کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے میں پاک فوج کے2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد بھارتی فوجی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ 36 گھنٹے کے دوران بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں کی گئی ہیں، کنٹرول لائن کے حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے،پاکستانی فورسز کی کارروائی میں صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے، کنٹرول لائن کے دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے2 جوان بھی شہید ہوئے،شہید ہونے والے جوانوں میں نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی محمد احسن شامل ہیں، نائب صوبیدار کانڈیرو کا تعلق سکھر کی تحصیل پنوں عاقل اور محمد احسن کا تعلق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان سے ہے۔علاوہ ازیںوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، بھارت کے اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہو ں نے کہا ہے کہ بھارت کے عوام نے مودی سرکار کی انتہا پسند سوچ کو مسترد کر دیا ہے، مودی حکومت، خطے میں امن و امان کو تہہ و بالاکرنے پر تلی ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت سرکار کی شرانگیزیوں کا دنیا نوٹس لے۔شاہ محمود قریشی نے شہید ہونے والے پاک فوج کے دونوں جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، مسلح افواج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، بھارت کسی بھول میں نہ رہے پاکستانی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں، قوم وطن عزیز کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔