مودی آزاد کشمیر میںواردات کرسکتا ہے‘ باجوہ کو باربار آگاہ کیا‘ فوج تیار ہے‘ وزیراعظم

140
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان السعودملاقات کررہے ہیں

پنڈدادنخان(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے نریندر مودی ضرور آزاد کشمیر میں کوئی واردات کرے گا۔جمعرات کو جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں جلال پور نہر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی آگاہ کرچکے ہیں، آرمی چیف نے بار بار کہا ہے کہ پاکستان تیار ہے۔عمران خان نے کہا کہ مودی بھارت میں مسلمانوں سے وہی کرنے جارہا ہے جو ہٹلر نے یہودیوں سے کیا تھا، پاکستان کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ،بھارت کے لوگ اب نریندر مودی کے خلاف کھڑے ہوں گے، صرف مسلمان نہیں، ہندو ، سکھ اور عیسائی سب مودی کے خلاف کھڑے ہوں گے اور ظلم کا نظام ختم کردیں گے۔وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ مشکل سال گزرگیا،2020ء ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو نوکریاں دینے کا سال ہے،زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ملک کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں،مافیا جو کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہا تھا 2020 ء کا سال کے لیے برا ثابت ہوگا، ماضی کی حکمرانوں کی وجہ سے ملک مقروض ہوا، عوام کومیری ٹیم بننا ہے اور ان کرپٹ لوگوں کو شکست دینی ہے۔