کرپشن کے باعث پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہوسکا‘شوکت یوسفزئی

67

پشاور(آن لائن) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک عالمی طاقتوں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا تھا، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہوسکا۔ امیر اور غریب کے بیچ میں بہت بڑا خلا پیدا ہوا،حکومت کرپشن منی لانڈرنگ کا خاتمہ کرکے دم لے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر میں یوم قائداعظم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو شکست ہو گئی ہے۔ملک مضبوط معاشی ٹریک پر آچکا ہے، قومی اداروں کو مستحکم بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، پاکستان کو کرپشن سے پاک بناکررہیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاحت کا مرکز بن چکا ہے،ملک میں سیاحت کے لیے نئے مقامات متعارف کرائے جا رہے ہیں، امن کے قیام اور سی پیک سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سب سے موزوں ترین جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں انہی کی بدولت ملکی معیشت چل رہی ہے ۔ انہوں نے دعوت دی کہ وہ اپنا سرمایہ پاکستان میں لگائیں۔ عوام چاہتی ہے کہ کرپشن کرنے والوں کا احتساب ہو مگر وہ بیماریوں کا بہانہ بنا کر لندن جا رہے ہیں۔ اب کرپٹ سیاستدانوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے پاکستان کی بنیاد رکھ کر مسلمانوں اور اقلیتوں کے اوپر بہت بڑا احسان کیا، آج بھارت کا سیکولر چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا، جہاںکشمیریوں پر ظلم جارحیت کے پہاڑ توڑ دیے گئے۔