نئی دہلی: ایک اور یورپین شہری کو متنازعہ بھارتی شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کرنے پر بھارت سے بے دخل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ناروے کی ایک 71 سالہ سیاح خاتون جین میٹ جوہنسن کو متنازعہ بل کے خلاف مظاہروں میں شرکت کرنے پر بھارت سے بے دخل کردیا گیا۔
ناروے سے تعلق رکھنے والی 71 سالہ خاتون کا کہنا تھا کہ بھارتی شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے پر بھارتی حکام نے انہیں ہندوستان چھوڑنے کا حکم دیا۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام پوچھ گچھ کے لئے میرے ہوٹل آئے اور مجھے ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا۔ حکام نے کہا کہ میں ملک چھوڑ دوں ورنہ وہ میرے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اور مجھے جلاوطن کردینگے۔ خاتون نے کہا کہ اب وہ ہندوستان سے دبئی جائیں گی پھر وہاں سے سویڈن کی طرف روانہ ہونگی۔
واضح رہے کہ اس ہفتے کے آغاز میں طبیعیات کی تعلیم حاصل کرنے والے ایک جرمن طالب علم جیکوب لنڈینتھل کو بھی احتجاج میں حصہ لینے پر بھارت سے بے دخل کردیا گیا تھا۔ جیکوب نے ایک پلےکارڈ اٹھایا تھا جس میں نریندر مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دی گئی تھی۔