رحمٰان ملک بینظیر حملے کے فوراً بعد زرداری ہاؤس کیوں گئے؟

197

لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ رحمٰان ملک بینظیر حملے کے بعد اسپتال کے بجائے فوراً زرداری ہاؤس کیوں گئے؟۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بینظیر بھٹو پر حملے کے وقت سیکیورٹی کی ذمہ داری رحمٰان ملک کی تھی لیکن حیرت ہے کہ وہ حملے کے بعد اسپتال کے بجائے فوراً زرداری ہاؤس پہنچ گئے؟۔ بلاول کو پاپا سے پوچھنا ہوگا کہ رحمٰان ملک بینظیر کو چھوڑ کر زرداری ہاؤس کیوں گئے اور آصف علی زرداری نے فون کر کے کیوں کہا کہ پوسٹ مارٹم نہ کیا جائے۔

 صوبائی وزیر اطلاعات نے کرپشن کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے کھربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرپشن کی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کھربوں روپے جلسے جلوسوں میں لگا رہے ہیں اگر یہی پیسے سندھ میں لگا دیتے تو اچھا ہوتا۔

واضح رہے کہ 27 دسمبر کو راولپنڈی  کےلیاقت باغ میں بینظیر بھٹو پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں بینظیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔

یاد رہے اس قبل لیاقت باغ کے عظیم گراؤنڈ میں ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کو بھی گولیاں مار کے شہید کیا جاچکا ہے۔