کوئٹہ ،الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے غریب ومستحقین میں ونٹرپیکیج کی تقسیم

33

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ یتیموں کی خدمت، تعلیم وتربیت کا بیڑہ الخدمت فائونڈیشن نے اُٹھا لیا، یتیم بچوں کو تعلیم ان کی کفالت کرنے کے لیے مخیر حضرات، تاجر برادری ہمارا ساتھ دیں، دکھی انسانیت کی خدمت سے غم و پریشانی کم اور خوشیاں بڑھ جاتی ہیں، روحانی سکون واطمینان کے حصول، آخرت کی کامیابی اور دنیا میں پریشانیاں ختم کرنے کے لیے الخدمت فائونڈیشن کے ذمے داران جدوجہد کررہے ہیں۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے، صدقہ وخیرات سے دنیا وآخرت کی کامیابی وخوشحالی میسر آسکتی ہے۔ سردی کے موسم میں گرم کپڑے و دیگر ضروریات پہلے سے زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ الخدمت نے پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی ونٹر پیکج یتیموں، بیوائوں اور مساکین میں تقسیم کرنا شروع کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں الخدمت فائونڈیشن ضلع کوئٹہ کے تحت یتیم بچوں اور ان سرپرستوں میں ونٹر پیکج کے تحت سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن ضلع کوئٹہ کے صدر ڈاکٹر نعمت اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری اعجاز محبوب، خالد محمود، عبدالولی خان شاکر، عبداللہ خان کاکڑ نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں یتیم بچوں میں گرم کپڑے، سردی سے بچائو کے لیے دیگر سامان یتیم بچوں اور ان کے سرپرستوں میں تقسیم کیا گیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے خطاب میں مزید کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت، بیوائوں کی خدمت اور مساکین وکم آمدنی والوں کی خدمت سے معاشرے کی اصلاح خدمت ومدد ہوسکتی ہے۔ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یتیم بچوں کی کفالت کے لیے آغوش سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ بلوچستان کے یتیم بچوں کی کفالت تعلیم وتربیت اور خدمت ایک چھت کے نیچے باعزت طریقے سے ممکن ہوسکے۔ چیمبر آف کامرس، تاجر برادری، مخیر حضرات اس سلسلے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ الخدمت فائونڈیشن آفات سے بچائو، تعلیم، صحت، روزگار و صاف پانی کی فراہمی سمیت یتیموں کی کفالت، سماجی وعالمی خدمات بھرپور طریقے سے بلاتفریق رنگ ونسل کررہی ہے۔ بلوچستان میں غربت، بے روزگاری، حکومتی عدم توجہ وفاصلوں کی وجہ سے کام کے مواقع بہت ہیں، یتیم بچوں کی کفالت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تعلیم وصحت کے دیگر پراجیکٹس کے لیے فنڈز ریزنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یتیم بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، یہی بچے بڑے ہوکر ملک اور قوم کی رہنمائی کریں گے۔ یتیم بچوں کی کفالت اور ان کی سرپرستی دراصل حکومت کی ذمے داری ہے، اس لیے کہ حکومت کے پاس وسائل اور ایک بـڑا بجٹ موجود ہوتا ہے۔ مگر حکومت اپنی ذمے داری احسن انداز میں پوری نہیں کررہی ہے۔ الخدمت آرفن کیئر پروگرام معاشرے کے لیے مثالی پروگرام ہے، ہم ان بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، دینی نقطہ نظر سے ہم سب کی ذمے داری بنتی ہے کہ ہم ان بچوں کی سرپرستی کریں۔ الخدمت نے ان بچوں کی ذمے داری لی ہے جوکہ ہم پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت آرفن بچوں کی تعلیم، خوراک، ذہنی اور جسمانی نشوونما کی جاتی ہے تاکہ آرفن بچوں میں احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے اور معاشرے میں ترقی کی طرف گامزن کیا جائے۔ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ بچوں کے ساتھ وقت بہ وقت ملاقات کی جاتی ہے تاکہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے جو کمی آرہی ہے اسے دور کیا جائے۔