حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پر بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سرکل نوابشاہ کے مختلف سب ڈویژنوں کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران واجبات کی عدم ادائیگی پر 12 گائوں کی بجلی منقطع، 7عدد ٹرانسفارمر اتار لیے گئے، جس میں 2 عدد ٹیوب ویل کے ٹرانسفارمر شامل ہیں، اس کے علاوہ 400 کنڈے منقطع کرکے تاریں قبضے میں لے لی گئیں، جبکہ بجلی چوروں کیخلاف مروجہ قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن کے احکامات ہیں کہ بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کرنا ہے، کیونکہ بجلی چور ہمارا دشمن ہے اور ان کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوکیداری نظام کے تحت ہم مزید مانیٹرنگ بڑھائیں گے۔ واضح رہے کہ حیسکو چیف کے واضح احکامات ہیں کہ بجلی چور حیسکو کا دشمن ہے، اسی لیے بجلی چوروں کے تمام کنکشن منقطع کردیے جائیں، یہ کمرشل ادارہ بجلی کے بلوں کے پیسوں پر رواں دواں ہے، اس لیے بجلی خرید کر اپنے صارفین کو دیتے ہیں، لہٰذا کسی کو بھی مفت میں بجلی کی فراہمی نہیں دیں گے۔ اس لیے بجلی کے واجبات کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنانے کے لیے گھر گھر چیکنگ کر کے واجبات کی ادائیگی چیک کی جارہی ہے، عدم ادائیگی پر بجلی کنکشن بلا تفریق منقطع کیے گئے ہیں۔ زیادہ واجبات والے صارفین کی شکایات فوری حل کی جائیں، جس کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں، جس میں صارفین بجلی کے بلوں کی آسان اقساط بنوا کر بجلی کے بل جمع کروائیں۔ صارفین کے بجلی کے بلوں کی شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ بجلی چوری میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔