حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد فروٹ منڈی کے سینئر نائب صدر محمد علی آرائیں، جنرل سیکرٹری محمد شاہد آرائیں نے مشترکہ بیان میں ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے یکم جنوری کو سبزی، فروٹ منڈی کو جبراً ہالا ناکہ نیو سبزی منڈی میں منتقل کرنے کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیان سے تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر کمیشن کے آرڈر 7 اپریل 2018ء کی روشنی میں نیو سبزی وفروٹ منڈی ہالا ناکہ میں تمام ترقیاتی کام مکمل کیے جانے کے بعد منتقل کی جائے لیکن نیو سبزی منڈی میں ابھی تک ترقیاتی کام مکمل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر بار بار اخباری دھمکیوں سے تاجروں کو پریشان کرنا بند کردیں، بصورت دیگر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔