ریونیو افسران زرعی انکم ٹیکس کی وصولی یقینی بنائیں، سجاد حیدر شاہ

47

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل کمشنر ون سید سجاد حیدر شاہ نے کہا ہے کہ ریونیو افسران اپنے اضلاع میں زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے ضمن میں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور ان تمام امور کی ماینٹرنگ خود کریں جبکہ سرکاری پالیسی کے تحت ٹیکس کے زمرے میں آنے والے زمیندار جن پر زرعی انکم ٹیکس لاگو ہوتا ہے ان سے وصولی فوری یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی سے متعلق بورڈ آف ریونیو سندھ کی جانب سے بنائی گئی ڈویژنل کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ون نے شرکت کی۔ سجاد حیدر نے ہدایت کی کہ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی سے متعلق بذریعہ ڈویژنل کمشنر بورڈ آف ریونیو سندھ کو ماہانہ بنیادوں پر رپورٹس جمع کرائی جائیں جبکہ رپورٹ میں ناموں کے ساتھ ساتھ تفصیلی پوٹینشل اسسمنٹ بھی شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں سندھ لینڈ ٹیکس اور زرعی انکم ٹیکس آرڈنینس 2000ء پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے جبکہ رولز 2001ء کے تحت کارکردگی میں بہتر لائی جائے۔