پشاور (آئی این پی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پشاور سمیت پورے صوبے میں گیس بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ کئی علاقوں میں گھریلو صارفین گیس مہیا نہ ہونے سے سخت مشکلات میں ہیں۔ ایل پی جی مہنگی قیمت میں فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ گیس کے کم پریشر اور عدم فراہمی نے جہاں عام افرد کے مسائل میں بے پناہ اضافہ کیا ہے وہاں صنعت کاروں کے لیے بھی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انرجی اور گیس بحران کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ صنعتوں کی صورت حال بھی ملکی معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ گیس اور بجلی بحران نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ موجودہ حکومت اپنے تمام تر دعوئوں کے باوجود انرجی اور گیس بحران پر قابو پانے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران بڑھتا جارہا ہے، حکمرانوں کے پاس کوئی وژن نہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان ناز ک صورت حال سے دوچار ہے۔ قوم حکمرانوں کے دعوئوں کے پورے ہونے کا انتظار کررہی ہے۔ عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ عوام کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرے۔