حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن گسٹا ضلع حیدر آباد کی جانب سے اپنے مطالبات کی حمایت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے گسٹا کے رہنما محمود چوہان، مبارک علی، شاہد بخش لغاری اور دیگر کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سندھ کے ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت سندھ اور محکمہ تعلیم ہمارے مطالبات پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ اساتذہ کا دیگر صوبوں کے اساتذہ کی طرح گروپ انشورنس کیا جائے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے اساتذہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی اساتذہ، ٹائم اسکیل اور 17 گریڈ سے محروم ہیں۔ ایس ٹی آر پالیسی کے باعث اساتذہ پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے اساتذہ کو پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ سیکنڈری اساتذہ کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور انہیں پریشان ہونے سے بچایا جائے۔