مرکز اور صوبوں میں عدم استحکام ، پارلیمنٹ کو مفلوج کردیا گیا، عبدالمالک بلوچ

58

سبی (این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی اور مرکزی نائب صدر سینیٹر کبیرمحمد شہی نے سبی میں نیشنل پارٹی کے ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں عدم استحکام کی صورتحال ہے پارلیمنٹ کو مفلوج کردیا گیا ہے، عدلیہ پر تلواریں لٹک رہی ہیں ملک کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر قدغن لگادیا گیا ہے ملک کے سیاسی و جمہوری نظام کو مفلوج کر دیا گیا ہے احتساب نام پر سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت تمام ادارے غیر فعال ہونے کو ہیں۔ ورکرز کانفرنس سے دیگر صوبائی و قومی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ سبی کے اہم سیاسی رہنما خدابخش لاشاری نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں ملازمتوں میں بے قاعدگی کوئی انہونی بات نہیں ہے نوکریاں سرعام فروخت ہورہی ہیں کچھی میں صوبے سے باہر کے افراد کو پیسے لے کر بھرتی کرنا انتہائی گھناؤنا عمل ہے سبی مچھ سمیت تمام علاقوں میں صدیوں سے آباد لوگوں کو بے دخل کرنے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا غیرقانونی گھر اس کے نام ہوسکتا ہے اسلام آباد کا الحیات ہوٹل کو قانونی حیثیت حاصل ہوسکتی ہے تو ہمارے کو کیوں مالکانہ حقوق نہیں دیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت نے عوام کو دھوکا دیا تبدیلی کے نام پر ووٹ لیکر ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال کردیا ہے مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا گیس اور بجلی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔
عبدالمالک بلوچ