بینک لوٹ کر رقم لوگوں پر پھینک دی اور کہا “میری کرسمس”

154

کولوراڈو (امریکہ): 65 سالہ ایک شخص نے مقامی  بینک لوٹ لیا اور  چوری شدہ نقد رقم لوگوں پر پھینک کر میری کرسمس کی مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو  میں ایک 65 سالہ بوڑھے شخص نے کرسمس سے دو دن قبل ایک بینک کو لوٹ لیا لیکن چوری شدہ رقم راہگیروں میں پھینک دی اورکرسمس کی مبارکباد دی۔

کولوراڈو پولیس کے بیان مطابق ایک سفید فام بوڑھے مرد نے پیر کوبینک کی انتظامیہ کو نامعلوم اسلحہ سے دھمکی دی اور  کافی ساری رقم چرا لی جس کے بعد بینک سے باہر نکل کر اس نے میری کرسمس کہتے ہوئے پیسہ بیگ سے باہر نکال کر راہگیروں پر پھینکنا شروع کردیا۔

ڈکیتی کرنے والے کی شناخت ڈیوڈ وین اولیور کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 65 سال ہے جس کو پولیس نے واقعہ کے فوری بعد ایک قریبی کافی شاپ سے  گرفتار کرلیا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گرفتاری کے وقت ملزم کے پاس کوئی اسلحہ موجود نہیں تھا۔ ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ راہگیروں نے چوری شدہ  رقم بینک کو واپس کرنے کی کوشش کی ہے تاہم ہزاروں ڈالرز اب بھی غائب ہیں۔