ایم کیو ایم تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے اور سندھ حکومت میں شامل ہوجائے، بلاول بھٹو

108

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کی حکومت گرانے میں ہمارا ساتھ دے۔

کراچی میں میگا منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کی عوام ہمارے لیے پہلی ترجیح ہے، سندھ حکومت کراچی کی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے انفرااسٹرکچر کو بنا رہی ہے، سندھ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کرکام کررہی ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ کی پارٹنرشپ سے بھی منصوبے لگائے جارہے ہیں، سندھ حکومت تمام تر مشکلات کےباوجودکام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بہت خطرناک ہے، ایسی معاشی صورتحال میں غریب سے بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ کے ذریعے ملنے والا ایک ہزار روپیہ چھین رہی ہے، وفاقی حکومت بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کونکال دیا ہے، پیپلز پارٹی اس کے خلاف عدالت جائے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے عمران خان اوراس کی حکومت کو گھر جانا ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے اور اس حکومت کو گرانے میں ہمارا ساتھ دے۔

بلاول نے ایم کیو ایم کو  وفاقی حکومت سے علیحدگی اختار کرتے ہوئے سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور اس کے عوام کی خاطر جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن صرف شرط یہ ہے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں۔