فیس بک نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پی بی سی کی نشریات بلاک کردیں

127

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جارحانہ عملی اقدامات کے حوالے سے، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کی براہ راست نشریات کو فیس بک نے روک دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی  کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق خلاف پالیسیوں کے حوالے سے پاکستانی ماہرین تعلیم اور صحافیوں کی پوسٹ، فوٹو،  ویڈیوز اور پورے اکاؤنٹس نیز مقامی اخبارات کے پورے صفحات کو بھی ہٹا دیا گیا ہےتاہم ریڈیو پاکستان کے یوٹیوب پر جاری کردہ بلیٹن کی براہ راست نشریات جاری رکھنے کے لئے عارضی انتظامات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوری اور جولائی 2019 کے درمیان فیس بک کی جانب سے 807 ،17 مواد پرلگائی گئی  پابندیوں میں سے 31 فیصد مواد کا تعلق پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف تھا ۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایک اور سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کو بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے سیکڑوں ٹویٹس کے خاتمے پر  تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا واچ ڈاگ کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ 2017 کے بعد سے اب تک تقریباً ایک ملین ٹویٹس کو ہٹا دیا گیا ہے۔