نیب آرڈیننس کے بعد اپوزیشن کے تمام رہنماؤں کو رہا کیا جائے‘ مریم اورنگزیب

72

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے اجراء کے بعد اپوزیشن کے تمام بے گناہ قیدیوں کو فی الفوررہا کیا جائے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نالائق حکومت اپنوں کو بچانے کے لیے این آراو پلس لے آئی اور اپوزیشن کے بے گناہ رہنما 15 ماہ سے جیلوں میں قید ہیں۔بے گناہوں کی گرفتاری اور عقوبت کے دنوں کا کون حساب دے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال کا جرم نارووال کے عوام کی خدمت، نواز شریف کا ساتھ دینا اور عوام کے حق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔احسن اقبال نے اختیارات کا کیا ناجائز استعمال کیا، چیئرمین نیب کے پاس کوئی جواب ہے۔نیب عمران صاحب کے حکم پر سیاسی مخالفین کو اغواء کرنے کا جواب دے۔ انہوںنے کہا کہ دوستوں کو بچانے کے لیے نیب ترمیمی آرڈیننس اور سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کیلیے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال کا اصل جرم نالائق اور نااہل حکومت کو بے نقاب کرنا ہے، نیب ترمیمی آرڈیننس کے اجراء کے بعد اپوزیشن کے تمام بے گناہ قیدیوں کو فی الفوررہا کیا جائے جب کہ عمران صاحب اور چیئرمین نیب مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کے تمام بے گناہ قیدیوں سے معافی مانگیں۔