اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فائونڈیشن اسلام آباد کے تحت چائلڈ پروٹیکشن سینٹر کے بچوں کے لیے تفریحی دورے کا انتظام کیا گیا جس میں 40 سے زائد اسٹریٹ چلڈرن نے شرکت کی ۔ ورلڈ چلڈرن ڈے کی مناسبت سے الخدمت فائونڈیشن اسلام آباد کے زیر انتظام قائم چائلڈ پروٹیکشن سینٹر نیوشکریال اسلام آباد میں زیر تعلیم بچوں کو چڑیا گھراورپلے لینڈ کا دورہ کرایا گیا جس سے بچے خوب لطف اندوز ہوئے۔بعد ازیں اسٹریٹ چلڈرن فیصل مسجد بھی گئے ، جہاں انہیں فیصل مسجد کی تاریخ اور حدود اربع کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹر (سی پی سی) کے ایڈمناسٹریٹر جمیل ڈوگر نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور اِن کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ اسٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے گلی محلوں سے کچرا چننے اور محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔