پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام پر مہنگائی کا ایک اور ڈرون حملہ ہے

54

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی وممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ گیس اور بجلی کے قیمتوں میںاضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام پر مہنگائی کا ایک اور ڈرون حملہ ہے ۔ پشاور سمیت پورے صوبے میں گیس بحران دن بدن شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ کئی علاقوںمیں گھریلو صارفین گیس مہیا نہ ہونے سے سخت مشکلات میں ہیں۔ایل پی جی مہنگی قیمت میں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ گیس کے کم پریشر اور عدم فراہمی نے جہاں عام افرد کے مسائل میں بے پناہ اضافہ کیا ہے وہاں صنعت کاروں کے لیے بھی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انرجی اور گیس بحران کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ صنعتوں کی صورت حال بھی ملکی معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے ۔ گیس اور بجلی بحران نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ موجودہ حکومت اپنے تمام تر دعوئوں کے باوجودانرجی اورگیس بحران پر قابو پانے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران بڑھتا جارہا ہے اور حکمرانوں کے پاس کوئی وژن نہیں۔ عوام کے فلاح و بہبود کے لیے حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان ناز ک صورت حال سے دوچار ہے۔ قوم حکمرانوں کے دعوئوں کے پورے ہونے کا انتظار کررہی ہے۔ عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ عوام کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرے۔ محض دکھاوے کے اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا۔ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔ اگر ان کو بروقت حل نہ کیا گیا تو موجودہ حکمرانوں پر سے بھی عوام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔