خیبرپختونخوااسمبلی نے5 قراردادوں کی متفقہ طورپرمنظوری دیدی

35

پشاور (اے پی پی)خیبرپختونخوا اسمبلی نے پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ، پی ٹی وی ایبٹ آباد اسٹیشن کی بندش، ایف سی میں چترالی اقوام کی بھرتی، مانسہرہ ٹوتاکوٹ سڑکوں کے متاثرین کے ساتھ وعدوں پرعمل درآمد اور قبائلی اضلاع کے ایم پی ایز کے لیے فاٹا ہائوس اسلام آباد میں رہائش دینے سے متعلق5 قراردادوں کی متفقہ طو رپرمنظوری دے دی۔ گزشتہ روزصوبائی اسمبلی اجلاس میں جماعت اسلامی کی حمیرا خاتون کی پہلی قرارداد میں موقف تھا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر پر جی ایم سوئی گیس کو طلب کیا جائے، ایوان نے ایبٹ آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن یونٹ کی بندش اوراس سے متعلق حکومتی فیصلے پر نظرثانی سے متعلق قرارداد کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا، قرارداد ن لیگ کے سردار اورنگزیب نے پیش کی، کیلاش سے تحریک انصاف کے اقلیتی رکن وزیر زادہ نے قرارداد پیش کی کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری میں چترال کی مقامی اقوام باڑوزئی، کیلاش اور شیخ کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے۔ اس قرارداد کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی گئی کہ ایوان نے تحریک انصاف کے بابرسلیم سواتی کی قرارداد بھی منظور کرلی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مانسہرہ سے تاکوٹ تک سڑکوں کی تعمیر کے وقت مقامی لوگوں کے ساتھ کیے وعدوں پر عمل درآمد کیا جائے۔ تحریک انصاف کے قبائلی علاقوں کے رہنما نصیر خان نے قرارداد پیش کی کہ نو منتخب قبائلی اراکین اسمبلی کو اکثر اسلام آباد میں رہائش کا مسئلہ درپیش آتا ہے، انضمام کے بعد اسلام آباد میں قائم فاٹا ہائوس مکمل طور پر خالی ہے، اس لیے قبائلی علاقوں کے منتخب اراکین کی رہائش کے لیے اسلام آباد کے فاٹا ہائوس میں انتظام کیاجائے، اس قرارداد کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیںخیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے مابین بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کے لیے سخت قانون سازی اور مرتکب عناصرکے لیے پھانسی کی سزا تجویز کرنے پر اتفاق کیا۔ نیز اراکین نے گھنائو نے فعل کے مرتکب مجرم کے لیے پھانسی کی سزا مقرر کرنے سمیت3 دن تک چوک میں لٹکانے کی تجویز دے دی۔ ایوان نے پارلیمانی کمیٹی کے لیے تحریک کی متفقہ طور پر منظوری بھی دے دی۔ کمیٹی میں اراکین اسمبلی، پولیس، ماہرقانون و نفسیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہوںگے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی