عالمی برادری مودی کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے ،راجا فاضل تبسم

55

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ تارکین وطن مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کریں ،بھارت نے مسلمانوں سمیت کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے عالمی برادری نریندرمودی کے ان اقدامات کا نوٹس لے ،تمام اسلامی ممالک بھارت کے ساتھ سیاسی معاشی بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ ہندئووں کو اپنے ممالک سے نکالیں نریندرمودی مستند دہشت گرد وہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا ہے نریندرمودی کی فاشسٹ حکومت کے انتہا پسندانہ اقدامات پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں نریندرمودی ہزاروں انسانوں کا قاتل ہے اس سے دنیا کے امن کو بچایا جائے ،بھارت کی اقوام متحدہ کی رکنیت منسوخ کی جائے چونکہ بھارت جنگی جرائم کے ارتکاب کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوں سے بھی انکاری ہے انہوں نے کہاکہ بھارت کے آرمی چیف کی گیدڑ بھکیوں سے ڈرنے والے نہیں کشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنائیں گے پونے دوکروڑ کشمیری ایٹم بم بن کر بھارت کے خلاف گریں گے ،انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر سمیت پورے بھارت کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا جارہاہے بھارت کے اندر حراستی سینٹرز ساری دنیا کے امن پسند انسانوں کے لیے چیلنج ہیں ۔