بی آر ٹی پشاور پر تحقیقات تیز ‘ ایف آئی اے ٹیم کا چمکنی ٹرمینل کا دورہ

102

پشاور (آئی این پی) ایف آئی اے کی جانب سے پشاور بی آر ٹی پروجیکٹ پر تحقیقات تیز کر دی گئیں۔بدھ کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے اچانک چمکنی بس ٹرمینل کا دورہ کیا اور بسوں کا معائنہ بھی کیا گیا۔ ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے رضوان شاہ نے کی۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر بی آر ٹی پروجیکٹ پر تحقیقات تیز کیجا رہی ہیں جبکہ منگل کے روز پشاورٹرانس پروجیکٹ کے سربراہ محمد فیاض سے بھی اس حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی‘ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے سوالات اٹھائے تھے کہ منصوبے کی تکمیل سے پہلے ٹرانس پشاور کی جانب سے بسوں اور دیگر مشینری کیوں منگوائی تھی؟ اور ان کی حفاظت کے لیے انہوں نے کیا اقدامات کیے ہیں؟ اس حوالے سے رپورٹ کو جلد مکمل کر لیا جائے گا جس کو پشاور ہائی کورٹ میں پیش کیا جائے گا،ایف آئی اے حکام کے مطابق بی آر ٹی پروجیکٹ میں شامل تمام سرکاری افسران اور اہلکاروں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔