سکھر میں تین منزلہ عمارت منہدم‘3افراد جاں بحق‘15زخمی

94

سکھر(نمائندہ جسارت)سکھر کے علاقے اسٹیشن روڈ پر تین منزلہ رہائشی عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے چار زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ متعدد افراد کے ملبے تے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔گرنے والی تین منزلہ عمارت کے نچلے حصے میں دکانیں قائم تھیں جبکہ عمارت میں 4 سے 5 خاندان مقیم تھے۔عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے کرین بلالی گئی ہے جبکہ عمارت گرنے سے علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔رات گئے تک ملبہ ہٹانے اور زخمی افراد کو ملبے سے نکالنے کا سلسلہ جاری تھا۔ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر کو ٹیلی فون کرکے ملبے تلے پھنسے لوگوں کو فوری نکالنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کمشنر سکھر کو عمارت گرنے کے اسباب پر تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔واضح رہے کہ 30 دسمبر کو کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں تقریباً 15 سال قبل تعمیر کی گئی 6 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔