گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں، خواجہ آصف

116

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں آرمی ایکٹ سمیت تینوں سروسز کے قوانین میں ترمیم ہونے جا رہی ہے،اس موقع پر سینئراراکین کی غیر موجودگی زیادتی ہوگی۔

لیگی رہنما نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں، اس اہم موقع پر خواجہ سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ کی ایوان میں موجودگی ضروری ہے، ایوان میں حق رائے دہی سے رہنماؤں کو محروم نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر حکومت کی غیر مشروط حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔