شہریت ترمیمی قانون سے حکومت ایک انچ بھی نہیں ہٹے گی، امیت شاہ

113

 جودھ پور: بھارتی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ حکومت بھارتی شہریت ترمیمی بل کے نفاذ کے فیصلے سے ایک انچ بھی نہیں ہٹے گی۔

جودھ پور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ کا کہنا تھا کہ قانون کی مخالفت  کے باوجود حکومت شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرنے کے  فیصلے سے ایک انچ بھی نہیں ہٹے گی۔

امیت شاہ نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں پر غلط معلومات کی مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالف پارٹیاں عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں اور مزید اشتعال کا سبب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخالف پارٹیاں بھارتی عوام میں حکومت کی جانب سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ عوام کو ان کی باتوں میں نہیں آنا چاہیے۔ بھارتی شہریت ترمیمی  قانون کسی سے ہندوستانی شہریت نہیں چھینتا بلکہ شہریت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے حالیہ دنوں میں متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کی حمایت میں ایک سوشل ویب سائٹ پر آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں عوام اور اپوزیشن پارٹیز کی مخالفت کو بے بنیاد کہا گیا ہے۔