بی آرٹی منصوبہ امسال کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا‘شوکت یوسفزئی

65

پشاور(اے پی پی )خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے میڈیا کی غلط رپورٹنگ پر افسوس کا اظہار کیا ہے،میں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلین ٹریز سونامی سے متعلق کہا تھا کہ اس کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے مگر چینلز نے بی آر ٹی منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی سے منسوب کر دیا جو میں نے نہیں کہا۔انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ بی آر ٹی ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس سے عوام کو فائدہ ہوگا اور انشا اللہ یہ منصوبہ اس سال کے اوائل ہی میں مکمل ہو جائے گا۔ شوکت یوسفزئی کاکہنا تھا کہ میں نے بلین ٹری سونامی کے حوالے سے کہا تھا کہ عالمی اداروں نے اس کو سراہا ہے کیونکہ یہ واحد صوبہ ہے جس نے گلوبل وارمنگ بون چیلنج قبول کرتے ہوئے ایک ارب سے زائد درخت لگائے اور اب انشا اللہ پورے ملک میں 10 ارب سے زائد درخت لگائے جائیں گے، بلین ٹری سونامی کے حوالے سے کہا تھا اس کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے لیکن کچھ رپورٹرز نے اس کی غلط رپورٹنگ کرتے ہوئے اس کو بی آر ٹی سے منسوب کر دیا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ رپورٹنگ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔