جنوبی وزیرستان، فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 6 جاں بحق

78

جنوبی وزیرستان (آن لائن) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک بازار میں 2 فریقوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 6 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق میں 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ وجہ تنازع واٹر چینل میں پانی گزرنے پر معمولی تکرار بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب سول سوسائٹی تاجروں اور دیگر کاروباری لوگوں نے واقعے کے خلاف رستم وانا اور اعظم ورسک بازار میں عدم تحفظ، اسلحے کی کھلے عام نمائش کے خلاف شدید احتجاج کیا، مقامی پولیس اور سول انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور اس افسوس ناک واقعے کا ذمے دار ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان حمید اللہ خان کو قرار دیا اور وزیراعلی محمود خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کاظم نیاز سے مطالبہ کیا کہ ڈی سی جنوبی وزیرستان کو فوری طور پر تبدیل کریں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اعظم ورسک ایک بڑا بازار ہے اس میں امن برقرار رکھنے کیلیے تھانہ قائم کیا جائے اور اسلحے کی نمائش پر فوری پابندی لگادی جائے جبکہ ساتھ ساتھ کالے شیشے والی گاڑیوں کیخلاف جلد از جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔