قاسم سلیمانی کی موت نے جنگی خطرات کو دور کیا ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

156

فلوریڈا: امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ امریکی فوج  نے ایک درست کارروائی کرتے ہوئے قاسم سلیمانی  کوقتل کیا  جبکہ امریکہ  کے اس اقدام نے جنگ کو روکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ   ٹرمپ نے نیوز  کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  قاسم سلیمانی دنیا کا نمبر ون دہشت گرد  تھا  ،امریکی فوج  نے ایک درست کارروائی کرتے ہوئے قاسم سلیمانی  کوقتل کیا جبکہ بغداد میں جو گزشتہ روز ہوا  وہ بہت پہلے  ہو جانا چاہیے تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ   ہمارے گزشتہ روز  کےاقدام سے جنگ کے آغاز  کو روکا گیا ہے جبکہ انہوں نے قاسم سلیمانی  پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قاسم سلیمانی امریکی سفارت کاروں اور فوجی شخصیات پر حملے کرنے کی  منصوبہ بندی کررہے تھے لیکن ہم نے انکی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں ایرانی حکومت کی جارحیت اور پڑوسی ممالک کے امن وامان کو تباہ ہونے سے روکنے کے لیے پراکسی وار کا استعمال  روکنا ہو گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ  میرے دل میں ایرانی عوام کے لیے بہت عزت ہے جبکہ ایرانی قوم شاندار ثقافت کے حامل لوگ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کی جانب سے داغے گئے تین راکٹ حملوں کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور موبلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔