ویڈیو پیش کرنے تک فرد جرم قبول نہیں کرینگے،رانا ثنااللہ

134

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے رہنمارانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو پیش کرنے تک فرد جرم قبول نہیں کرینگے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماوسابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمے پر حکومت ایکسپوز ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ویڈیو موجود ہے تو عدالت میں پیش کریں، عوام اور دنیا کو الجھانے کیلئے دھوکا دیا گیا ہے، وہ ویڈیو کہاں ہے جس کے بارے میں حکومت ہر جگہ بات کرتی رہی ہے، ویڈیو حکومت کا پردہ چاک کر دے گی، ویڈیو پیش کرنے تک فرد جرم قبول نہیں کرینگے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پیغام میں سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کی عزت ہے، نواز شریف کا پیغام یہی ہے، پارلیمانی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔

واضح رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو یکم جولائی کو منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔

لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کا موقف ہے کہ  ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ منشیات برآمدگی کے ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب اے این ایف حکام کے مطابق رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے منشیات کی 15 کلو گرام ہروئین برآمد ہوئی اور ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔