الخدمت آغوش ہوم ہالا ضلع مٹیاری میں مسجد کا سنگ بنیاد

166

حیدر آباد(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آغوش ہوم میں مسجد طلبہ کی کردار سازی کا ذریعہ ہوگی،مساجد عبادت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے معاملات ، تعلیم و تربیت، سرگرمیوں ، اسلامی اور فی سبیل اللّٰہ مالی معاملات کا مرکز ہوتی ہیں، ہمارے علما و خطبا عزم کرلیں کہ ہمیں معاشرے کی اصلاح کا کام تعلیم سے کرنا ہے تو یہ کام کوئی مشکل نہیں ہے، قرآن و حدیث کا مطالعہ کرکے ہی لوگ اچھائی اور برائی میں تمیز کر سکتے ہیں،ضرورت اس بات کی ہے مساجد کو آباد کیاجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت آغوش ہوم ہالا ضلع مٹیاری میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع نائب صدر الخدمت سندھ سید محمد یونس، امیر ضلع فقیر محمد لاکھو، صدر ضلع محمد امین ،پروجیکٹ منیجر سید کاشف عباس ملک و معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ آغوش ہوم میں مسجد کے قیام طلبہ اور علاقہ مکینوں کو عبادات کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے رابطے کا ذریعہ ہوگی۔سید محمد یونس نے کہا کہ الخدمت آغوش ہوم کی تعمیر کا کام 2020ء میں مکمل کرلیا جائیگا ، یہاں پر سندھ بھر سے 200ہونہار یتیم طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ خوراک، کھیل کود ، رہائش و دیگر سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی،سندھ کے 12اضلاع میں 925یتامیٰ کی ان کے گھروں پر کفالت کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت کا خاص اہتمام کیا جارہاہے، بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر کڑی نظر کھی جاتی ہے ، تاکہ والد سے محروم بچے اپنے اہلخانہ اور ملک و قوم کے لیے فخرکا باعث بن سکیں۔ اتنی بڑی تعداد میں یتیم بچوں کی کفالت اہل خیر حضرات کا الخدمت پر اعتماد کا مظہر ہے۔