پختونخوا کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ‘ میٹرک پاس شخص کو وزیر تعلیم مقرر کردیا گیا

82

پشاور(آن لائن/صباح نیوز/آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کابینہ اراکین کی ناقص کارکردگی پر وزارت صحت،مشیر تعلیم،معدنیات سمیت 14 محکموں کے قلمدان تبد یل کر دیے،کابینہ میں2 وزرا اور 8 معاونین خصوصی کو بھی شامل کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 2 نئے صوبائی وزرا میں وزیر اقبال شاہ کو وزیر ریلیف اور شاہ محمد کو وزیر ٹرانسپورٹ کا قلمدان دیدیا گیا ہے ،خلیق الرحمن کو وزیراعلیٰ کا مشیر برائے ہائر ایجوکیشن کمیشن بنا یا گیا ہے ، عارف احمد زئی کو معدنیات اور غزن جمال کو ایکسائز کا محکمہ دیا گیا ہے ،وزیر بلدیات شہرام ترکئی کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں وزیر صحت بنایا گیا ہے اور وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی وزارت تبدیل کر کے انہیں سماجی بہبود کا محکمہ دیا گیا ہے ۔ اکبر ایوب خان سے سی اینڈ ڈبلیو کا محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ تعلیم دیا گیا ہے، مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کا قلمدان تبدیل کر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محکمہ دیا گیا ہے ،معاون خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کا محکمہ بلدیات میں تبادلہ کیا گیا ہے اسی طرح شفیع اللہ، ریاض خان ، ظہور شاکر، وزیر زادہ ، احمد خان سواتی ، اور تاج محمد کو معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ بنا دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ کابینہ میں رد و بدل اور توسیع کا فیصلہ مختلف محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے ۔ وزرا کی عدم دلچسپی سے متعلق عوامی مشکلات بڑھ رہی تھیں ، جو اسمبلی اراکین اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ان کے خلاف کارروائی ہو گی ۔پی ٹی آئی نے انوکھا اقدام اٹھاتے ہوئے مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش سے قلمدان واپس لیتے ہوئے ان کی جگہ میٹرک پاس رکن صوبائی اسمبلی اکبر ایوب کو محکمہ تعلیم کا قلمدان سونپ دیاہے،اسمبلی ریکارڈ میں بھی اکبر ایوب کی تعلیمی قابلیت میٹرک درج ہے، ، شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے میٹرک پاس اقبال وزیر کو محکمہ ریلیف کی وزارت دے دی گئی ہے۔میٹرک پاس رکن اسمبلی کو صوبائی وزیر تعلیم بنانے پر تنقید کے بعد وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اپنی منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکبر ایوب کی تعلیم میٹرک لیکن صلاحیت بہت زیادہ ہے ، پہلے تو انگوٹھا چھاپ بھی وزیر لگ جایا کرتے تھے ،جمہوری نظام میں منتخب شخص کو ہی وزیر ہونا چاہیے ،وزارت کو چلانے کے لیے تعلیم نہیں دیکھی جاتی ،اکبرایوب 5 سال محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے وزیر رہ چکے ہیں ۔