بلوچستان میں گیس بحران، بے روزگاری اور بدعنوانی عروج پر ہے

85

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل، کرپشن کے خاتمے اور بلوچستان کو حقوق دینے میں دلچسپی نہیں لے رہی، آرڈیننس کے ذریعے لاڈلوں کو آسانی و راہ فرار کا موقع دے کر بدعنوان عناصر کی سرپرستی کی جارہی ہے۔ بلوچستان میں گیس بحران، بے روزگاری اور بدعنوانی آج بھی عروج پر ہے۔ وفاق کی جانب سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا۔ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی ترجیح نہیں، صرف تسلی، وعدے اور خالی خولی بے عملی اعلانات کیے جارہے ہیں۔ معیشت کا پہیہ جام، بھاری سودی قرضوں کے حصول کا ہدف رہ گیا ہے۔ ناکامی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے صنعتکار، تاجر اور اچھے پڑھے لکھے سرمایہ داروں نے بیرون ملک جانے کا رُخ کردیا ہے جو لمحہ فکر ہے۔ حکومت کو نئے سال میں عوام کی حقیقی خدمت، بدعنوان عناصر کی گرفتاری وقومی دولت برآمد کرنے مہنگائی وبے روزگاری کم کرنے پر توجہ دینا چاہیے بلوچستان کی ترقی، مسائل سے نجات کو نئے سال میں خصوصی ہدف بنایا جائے۔ جماعت اسلامی نے آرمی ایکٹ میں حکومت کا نہیں اصولوں کا ساتھ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے دو روزہ صوبائی مجلس شوریٰ کے پہلے سیشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابقہ کارروائی وجماعت اسلامی کی صوبائی تنظیمی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور منصوبہ عمل 2020ء کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔