قبضہ مافیا کیخلاف آزاد نگر کے رہائشیوں کا احتجاج

73

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آزاد نگر کالونی کے رہائشی افراد نے قبضہ مافیا کیخلاف ہفتے کے روز بھی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر پنہوں بھیل، سومار بھیل اور کامریڈ سوڈھی سمیت دیگر نے بتایا کہ ہم آزاد نگر کالونی میں گزشتہ 15 سال سے رہائش پذیر ہیں لیکن کچھ عرصہ سے آزاد نگر کالونی پر ملوکانی برادری سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ جواز پیش کررہے ہیں کہ آزاد نگر کالونی کی زمین ہماری ہے اور ہمیں گھر خالی کرکے بے دخل کرنے کے لیے دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ زمین خریدتے وقت ہم سے پیسے لیے گئے تھے لیکن اب بااثر افراد ہمیں بے دخل کرکے قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں اور ہم سے فراڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر بااثر ملوکانی برادری کے افراد کیخلاف کارروائی کرکے ہمیں تحفظ وانصاف فراہم کیا جائے۔