پاکستان اپنی زمین کسی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، پاک فوج

209

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفورکا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی ہے جبکہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات کی اور کہا کہ حالات بہتر ہونے کے باوجود خطہ بہتری کی طرف جا رہا ہے، آرمی چیف نے کہا کہ خطے کے ممالک میں کشیدگی کم ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 دہائیوں سے خطہ مسائل کاسامنا کرتا رہا ہے، پاکستان نے بڑی قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا ہے، پاکستان نے افغان مصالحتی عمل میں کردار ادا کرتے ہوئے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنایا ہے، افغان مصالحتی عمل خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امن کے لیے بھرپورکردارادا کریں گے، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت نے جارحیت دکھائی تو پاکستان نے بھارت کے دو طیارے گرائے اور بھارت کے خلاف پاکستان نے قابل فوج ہونے کا ثبوت دیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی افواہیں گردش میں ہیں تاہم پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔