سلامتی کونسل کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانے کا وعدہ پورا کرے،وزیر خارجہ

113

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانے کا وعدہ پورا کرے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی دہشتگردی کے باعث کشمیری عوام کو ان کاحق نہ مل سکا، 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں انسانی وقار پامال کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیرکی متنازع حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے، حق خودارادیت پامال کرنے کیلئے آبادیاتی تبدیلی مسترد کی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانے کا وعدہ پورا کرے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلسل ظلم وستم غیرمعمولی سطح پر پہنچ چکا ہے، کرفیو لاک پر ہراضافی سیکنڈ دنیا کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے، عالمی برادری کو انسانی حقوق کی حمایت میں کام کرنا چاہیے، بھارت فیکٹ فائنڈنگ مشن کومقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔

واضح رہے کہ کشمیری عوام آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں، اقوام متحدہ نے 5 جنوری 1949 میں کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کا وعدہ کیا تھا جبکہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی توثیق بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 154 ویں روز سے غیر انسانی لاک ڈائون جاری ہے جبکہ سخت سردی اور پابندیوں سے کشمیری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔