راولپنڈی(خبرایجنسیاں)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی ہے،اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔ اتوار کو اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے خواہاں ہیں لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے اور خطے کا امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے خطے کی صورتحال پر بات کی ہے ، آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہے، خطہ خراب حالات سے بہتری کی طرف جارہا ہے اور بہت قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن ہوا۔فوجی ترجمان کے مطابق ہمارا خطہ گزشتہ چار دہائیوں سے سیکورٹی کے حوالے سے مشکلات کا شکار رہا ہے اور پاکستان کی خطے میں ایک حیثیت ہے، پاکستان نے خطے میں امن کے لیے ہر ممکن کام کیا،پاکستان نے افغان مصالحتی عمل میں کردار ادا کیا، پاک افغان سرحد کو محفوظ بنایا، خطے میں دہشت گردوں کو شکست دی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف فوج میں پرانے ہیں مگر اس عہدے پر نئے ہیں اور اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،بھارتی آرمی چیف اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستانی فوج اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتی ہے، پہلے بھی جب بھارت نے جب جارحیت دکھائی تھی تو ہم نے ان کے 2 طیارے مار گرائے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بہتر ہوگا کہ نئے بھارتی آرمی چیف دھمکیاں دینے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور بھارت میں ہندوتوا کے پرچار کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود ہم نے ہمیشہ ذمے دار ریاست اور قابل افواج ہونے کا ثبوت دیا ہے۔