منصوبوں پر عوام کے تحفظات کو دور کریںگے‘ وزیراعلیٰ پختونخوا

96

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ منصوبوں پر عوام کے تحفظات کو دور کریںگے‘ضلع سوات کانجو ٹائون شپ کی بنجر اراضی پر انجینئرنگ یونیورسٹی اور پیڈز اسپتال کا قیام ممکن بنایا جائے گا‘ ویمن انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھی اراضی کی نشاندہی جلد عمل میں لائی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کی تکمیل اور اراضی کے مسئلے کے حل کے لیے مقامی لوگوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان3 پروجیکٹس کا افتتاح جولائی میں ممکن بنایا جائے گا‘ سوات ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے لیے قانون سازی اوران تینوں منصوبوں کے لیے ماسٹر پلان یقینی بنایا جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ضلع سوات میں ویمن انجینئرنگ یونیورسٹی، پیڈز اسپتال اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔