پشاور (اے پی پی) نئے انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ آئی جی ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے کہا ہے کہپولیس کو عوام دوست بنانے کیلیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، بحیثیت فورس کمانڈر خیبرپختونخوا پولیس کی فلاح و بہبود کو مقدم سمجھتا ہوں اور میرٹ کی بنیاد پر تمام فیصلے کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں انصاف، دیانتداری، شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی، خدمات کی فراہمی اور ایسا احتساب جس میں سزا و جزا دونوں شامل ہوں کو فوقیت حاصل ہوگی۔ صوبے میں قیام امن اور خوشحالی کیلیے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں سول سوسائٹی، اداروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھرپور تعاون کا متمنی ہوں۔ خیبر پختونخوا پولیس نے جس طرح دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، میرے لیے اس بہادر پولیس کی قیادت سنھبالنا اعزاز ہے۔ عوام کو ان کی دہلیز تک انصاف کی بہم رسائی میری اولین ترجیح ہے، مجھے یقین ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے ان اہداف کی تکمیل میں عملی اقدامات کے ساتھ میرا بھرپور ساتھ دیگی۔