سرینگر/مظفرآباد/اسلام آباد (خبرایجنسیاں) آزاد اور مقبوضہ وادی سمیت دنیابھر میں کشمیریوں نے 5جنوری کو یوم حق خود ارادیت منایا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں اتوار کو اسلام آباد میںبھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حریت رہنمائوں نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے 5جنوری 1949ء کو کشمیر کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کی اہمیت کو اجاگرکیا اور کہا کہ یہ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیداکرے۔مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کانوٹس لیں اور مقبوضہ علاقے میں ظلم وستم کو بند کرانے کے لیے بھارت پر دبائوڈالیں۔ادھر آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر خان نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر علامتی ووٹ پاکستان کے حق میں دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری نظریہ پاکستان کے بانی اور محافظ ہیں،کشمیریوں سے زیادہ پاکستان کی اہمیت کون جان سکتا ہے۔مظفرآباد میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ایک جلا وطن حکومت قائم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ،ان کو بتانا چاہتا ہوں آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ہی ریاست کی جائز اور نمائندہ حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا معاہدہ بانی پاکستان کے ساتھ 1944ء میں ہوا تھا ہم اسی کی روشنی میں اپنی منزل حاصل کریں گے۔ ادھر صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ قلم ، کمپیوٹر اور کیمرے کی طاقت کو کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے اور معاشرے سے برائیوں کے خاتمہ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اور بھارت کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اسے بے نقاب کرنا مقامی، علاقائی، قومی اور عالمی میڈیا کی بنیادی ذمے داری ہے۔دوسری جانب پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام کی ذمے داریوں سے نظریں نہیں چراسکتی،اقوام متحدہ کو 70 برس قبل کیے گئے اپنے وعدوں کا پاس رکھنا ہوگا۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادی کے حصول تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جموں وکشمیر کے تنازع کے فریق ہونے کے ناطے پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں آزادانہ اورغیرجانبدارانہ استصواب رائے کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیارہے،ہم کشمیری عوام کے حق خودارادی کو یقینی بنانے تک کشمیری عوام کی مضبوط اورغیرمتزلزل اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔