آرمی ایکٹ کی منظوری میں حکومت کا ساتھ دینگے،سینیٹر منظور کاکڑ

69

کوئٹہ ( آن لائن )بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری وسینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے،تمام سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں،پارلیمنٹ سے آرمی ایکٹ میں ترمیم پاس کرنا وقت اورحالات کا تقاضا ہے، ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کواپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنا ہم سب کی اولین ترجیح ہے ، بلوچستان کو ماضی کے حکمرانوں نے پسماندہ رکھا ، موجودہ حکومت 70سال کی خامیاں ڈیڈھ سال میں ختم نہیں کرسکتی اس کے لیے وقت دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ملک کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھ کر پارلیمنٹ میں آرمی ایکٹ کی منظوری میں وفاقی حکومت کابھر پورساتھ دینگے کیونکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی موجودہ حالات پرگہری نظر ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ حالات کو مد نظر رکھ کر ملک وقوم کی مفاد میں بہتر فیصلے کرنے چاہیے اداروں کے درمیان تصادم نیک شگون نہیں ہے ۔