حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کی فردوس کا لونی ‘ لیاقت کالونی کے مکینوں نے گزشتہ کئی سال سے علاقے میں گیس کی قلت اور کم پر یشر کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور قاسم آباد میں واقع سوئی سدرن گیس کمپنی کے ریجنل آفس کے سامنے احتجاجی مظا ہر ہ کیا اور گیس کمپنی انتظا میہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے الزام عائد کر تے ہوئے بتا یا کہ فردوس کالونی، لیاقت کالونی اور اس کے قرب جوار کے علاقوں میں گزشتہ چار سال سے گیس کی قلت اور کم پریشر کی شکایت ہے جس پر علاقہ مکینوں نے سوئی گیس کمپنی حیدرآباد کے زونل انچارج سمیت دیگر افسران کو درخواستیں بھی دی ہیں لیکن افسران ہمیں جھوٹے دلاسے دے رہے ہیں اور اب تک گیس کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی کے افسران نے ہمیں کئی بار مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے اور علاقہ مکین دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن فردوس کالونی اور دیگر علاقوں میں گیس کی قلت سمیت کم پریشر کا مسئلہ حل نہیں کیا جارہا ہے اور رہائشی اسکیموں کو نئی لائنوں سے گیس فراہم کیا جارہا ہے لیکن فردوس کالونی سمیت دیگر علاقوں کو نئی گیس لائن سے گیس فر اہم کرنے میں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر فردوس کالونی اور دیگر علاقوں کو نئی گیس لائن سے کنکشن دیے جائیں۔