حیدرآباد ،بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کیخلاف کارروائی

189
حیدرآباد،بلدیہ میٹ سیکشن کے تحت جاری آپریشن میںعملہ بیمار اورلاغر جانوروں کا گوشت ضبط کررہا ہے

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میٹ سیکشن نے گھات لگا کر پھلیلی پل سے گزرنے والا بیمار اور لاغر جانوروں کا 6 من سے زائد گوشت تحویل میں لے لیا، مضر صحت گوشت پریٹ آباد سے سٹی میں فروخت کے لیے لایا جارہا تھا۔ سٹی لطیف آباد کے علاقوں میں میٹ سیکشن کی کارروائیوں سے قصابوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے انچارج ندیم غوری کی سرکردگی میں پھلیلی پل پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گدھا گاڑیوں میں لدے 6 من سے زائد لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کرلیا۔ مضر صحت گوشت قصاب ظفر اور ناہید کی جانب سے سٹی کے علاقوں میں پریٹ آباد سے فروخت کے لیے لایا جارہا تھا۔ تحویل میں لیے گئے گوشت کو بلدیہ مرکزی دفتر لایا گیا، جہاں ماہرین کے معائنے کے بعد چونا ڈال کر تلف کردیا گیا۔ اس موقع پر عملے کی جانب سے تحویل میں لیے گئے گوشت کو قصابوں نے واپس لینے کے لیے شدید مزاحمت کی اور علاقائی بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے عملے پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی۔ ایک ماہ سے زائد عرصے سے سٹی اور لطیف آباد کے علاقوں میں بلدیہ میٹ سیکشن کی جانب سے مضر صحت گوشت کی فروخت، غیرقانونی مذبحہ، باڑوں کیخلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے، جس کے دوران سیکڑوں من مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا ہے، مگر سیکورٹی کی عدم فراہمی کے باعث عملہ گنجان آبادیوں میں قائم غیرقانونی باڑوں اور مذبحہ کو ختم کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔