سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوج کی جانب سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،ضلع پلوامہ میں ایک اورکشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض فوج کے اہلکاروںنے نوجوان کو ضلع کے علاقے چارسو اونتی پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔پولیس نے ایک بیان میں ضلع کے گائوں چارسو میں جھڑپ میںعسکریت پسند کی ہلاکت کا کا دعویٰ کیا ہے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں کارروائی جاری تھی ۔دوسری جانب منگل کی صبح سرینگر کے نواحی علاقے نوگام میں بھارتی پولیس کی ایک گاڑی نے کی ٹکر سے کار میں سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔واقعے کے فوراً بعد جائے وقوع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اوربھارتی پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ادھرسرینگر پریس کلب میں صحافتی تنظیموں نے بھارتی حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف دھرنا دیا ہے اور اس موقع پر تمام صحافی تنظیموں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بھارتی حکومت اطلاعات کی فراہمی اور بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے پیدا ہونے والی بدترین صورتحال کے بارے میں رپورٹنگ کو روکنے کے لیے جان بوجھ کر پریس پر پابندیاں عاید کررہی ہے۔ انہوںنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’کشمیر ی صحافیوں کی تذلیل بند کرو‘‘، ’’156دن سے انٹرنیٹ غائب‘‘جیسے نعرے درج تھے۔