خورشید شاہ اثاثہ جات کیس:نیب نے دستاویزی ثبوت پیش کردیے

134

سکھر(اے پی پی) نیب عدالت سکھر نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کے الزام میں نیب کے زیرحراست پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ اور ساتھیوں کیخلاف ریفرنس کی سماعت 17 جنوری تک کے لییملتوی کردی۔ منگل کے روز نیب ٹیم نے 14 جلدوں پر مشتمل دستاویزی ثبوت احتساب عدالت میں پیش کردیے،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ ان کے صاحبزادوں ایم پی اے فرخ شاہ، زیرک شاہ ،داماد وبھتیجے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سمیت 18افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زاید اثاثے بنانے کے الزام میں تیار کردہ نیب کے ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر خورشید شاہ کو ایمبولینس میں این آئی سی وی ڈی اسپتال سے عدالت لایا گیاتاہم سماعت کے آغاز پر نیب ٹیم کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سماعت ایک بجے تک ملتوی کردی،جب عدالت کی جانب سے دوبارہ ریفرنس کی سماعت شروع کی گئی تو نیب کے وکلا کی ٹیم نے پیش ہوکر خورشید شاہ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف 14 جلدوں پر مشتمل دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کردیے جس پر عدالت نے خورشید شاہ کا مزید دس روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی ۔سماعت کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری جمعیت عدالت کے باہر تعینات رہی۔